پی ایس ایل 11 کے آغاز سے قبل لندن میں شاندار روڈ شو آج لارڈز میں ہوگا
پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن سے قبل دنیا کے تاریخی ترین کرکٹ مقام لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں آج لندن میں خصوصی روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کرکٹ شائقین، عالمی سرمایہ کاروں اور کمرشل پارٹنرز کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق اس تقریب میں پاکستان اور دنیا بھر کے کئی نامور کرکٹرز شرکت کریں گے، جن میں وسیم اکرم، رمیز راجہ، بابر اعظم، حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نمایاں طور پر شامل ہیں۔ شرکاء کرکٹ اسٹارز سے ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ آنے والے ایڈیشن کے حوالے سے اہم اعلانات بھی سن سکیں گے۔
روڈ شو میں معروف گلوکار علی ظفر اپنے فن کا زبردست مظاہرہ بھی پیش کریں گے، جس سے تقریب میں رنگ اور بھی بڑھ جائے گا۔
یہ ایونٹ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا اور پی ایس ایل کو عالمی سطح پر مزید فروغ دینے میں اہم سنگِ میل ثابت ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔






