سال 2025 کا آج آخری سپر مون: پاکستان میں کب دیکھا جائے گا؟
سال 2025 کا آخری سپر مون آج رات—پاکستان میں کولڈ مون واضح طور پر دکھائی دے گا
سال 2025 کا آخری سپر مون، جسے دسمبر کا کولڈ مون بھی کہا جاتا ہے، آج رات آسمان پر پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوگا۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق یہ نایاب فلکی مظہر 4 اور 5 دسمبر کی درمیانی رات پاکستان بھر میں صاف دکھائی دے گا۔
اسپارکو کے مطابق دسمبر کا کولڈ مون سال 2025 کا تیسرا مسلسل سپر مون ہے۔ یہ 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر 99.8 فیصد روشن حالت میں اپنے عروج پر پہنچے گا۔
پاکستان میں سپر مون 4 دسمبر کی شام 4 بج کر 58 منٹ پر 99.2 فیصد روشن حالت کے ساتھ طلوع ہوگا، جس کے باعث یہ عام دنوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ نمایاں دکھائی دے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آج رات چاند اور زمین کا فاصلہ صرف 3 لاکھ 57 ہزار 218 کلومیٹر رہ جائے گا۔ اس قربت کے باعث چاند عام سے 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
اسپارکو کے مطابق سپر مون کا وقوع سال میں عموماً تین سے چار مرتبہ ہوتا ہے، تاہم دسمبر کا کولڈ مون ان میں سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج رات کھلے آسمان تلے اس خوبصورت فلکی منظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں۔






