ڈی جی آئی ایس پی آر کی سخت ترین پریس کانفرنس ،عمران خان کو ذہنی مریض قرار دے دیا
اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حالیہ بیانات اور ٹویٹس پر شدید ردعمل ظاہر کیا اور انہیں سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ ترجمان پاک فوج نے اپنے خطاب میں کئی مرتبہ کہا کہ عمران خان کا رویّہ اور بیانیہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے، اور جو جملے انہوں نے استعمال کیے وہ انہی کے براہِ راست اقتباسات تھے۔
"اس ذہنی مریض نے دو دن پہلے ٹویٹ کیا”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خود اپنے الفاظ میں کہا کہ عمران خان کا حالیہ ٹویٹ بھارتی اور افغان میڈیا نے چند منٹوں میں وائرل کردیا، جس سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کو تقویت ملی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما خود کہتے ہیں کہ انہیں معلوم نہیں ہوتا عمران خان کے ٹویٹس کہاں سے ہوتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عمران خان ایسی قیادت کو نشانہ بنانے کی بات کرتے ہیں جس نے ملک کو دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں دلائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے بیانیے سے دشمن ممالک کو سہارا ملتا ہے۔
"بیمار ذہنوں کے بارے میں قوم جان چکی ہے”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق عوام اب بخوبی سمجھ چکے ہیں کہ منفی بیانیے ملک کو تقسیم اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار شیخ مجیب الرحمن کی مثالیں دیتے ہیں، مگر اب "سیاسی شعبدے بازی” کا وقت ختم ہوچکا ہے۔
پاک فوج نے تاریخ میں کسی بارے میں ایسا بیان نہیں دیا
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی تاریخ میں کبھی کسی شخص کے بارے میں اس انداز میں بات نہیں کی، لیکن ماضی کے کسی سیاست دان نے بھی ایسا طرزِ عمل اختیار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست مکمل طور پر پاک فوج کے گرد گھومتی رہی ہے اور سمجھا جاتا رہا کہ عوام کو ہمیشہ گمراہ رکھا جاسکتا ہے، مگر اب یہ ممکن نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ قوم کو بتایا جائے کہ یہ بیانیہ کون اور کیوں چلا رہا ہے، کیونکہ ملکی سلامتی اور اتحاد سب سے مقدم ہے۔






