ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس — عمران خان کے بیٹوں کو فوج میں شمولیت کی دعوت
اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے بیٹوں کو پاک فوج میں بھرتی ہونے کی دعوت دے دی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملک کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، جبکہ دوسری جانب فوج پر تنقید کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "تم فوج پر تنقید کرتے ہو، ذرا دہشت گردوں کے آگے تو آؤ۔”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے اپنے بیٹوں کو بیرونِ ملک رکھا ہوا ہے۔ "ذرا کھڑا تو کرو انہیں خوارج کے آگے، بھیجو اپنی اولاد کو فوج میں،” انہوں نے سخت لہجے میں کہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے خلاف نفرت کو فروغ دیا جارہا ہے، حالانکہ پاک فوج کا جوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر میدانِ جنگ میں اترتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ "خوارج کے سامنے کون کھڑا ہوتا ہے؟ کون اپنی جانیں دیتا ہے؟” اور واضح کیا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے لیے جانیں دی بھی ہیں اور لینی بھی ہوتی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا عزم مضبوط ہے اور کسی قسم کی منفی مہم سے یہ عزم کمزور نہیں ہوگا۔






