ایک شخص قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا، عوام کو فوج کیخلاف بھڑکانے نہیں دینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کسی صورت برداشت نہیں، ایک شخص قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد — ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مخصوص شخص اپنی ذات اور سیاسی مفادات کو ریاستِ پاکستان سے بڑا سمجھ بیٹھا ہے، اور اس کی پھیلائی گئی منفی سوچ قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فوج کا کسی سیاسی جماعت، مسلک یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ وہ مکمل طور پر آئین کے تحت اپنے فرائض انجام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے لوگ ہیں، ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ جو سیاست کرنی ہے کریں، لیکن فوج کو اس سے باہر رکھیں۔ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کی کوشش ہے کہ عوام کو فوج کے خلاف اکسانا جائے مگر یہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ “بھارت، فتنہ الخوارج، فتنۃ الہندوستان — سب کے مقابلے پر یہی فوج ملک کی ڈھال ہے۔”
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ایک ویڈیو بھی پیش کی جس میں دکھایا گیا کہ تحریک انصاف کے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس افغانستان اور بھارت سے آپریٹ کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے علیمہ خان کا بھارتی میڈیا کو دیا گیا انٹرویو بھی دکھایا اور کہا کہ بھارتی میڈیا خوشی سے پاکستان کے آرمی چیف کے خلاف بیانات چلاتا ہے، اور انہیں یہ مواد مخصوص سیاسی افراد کی جانب سے دیا جاتا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ جماعت کے سوشل میڈیا نیٹ ورک کا بڑا حصہ بیرونِ ملک سے آرمی مخالف بیانیہ پھیلا رہا ہے جسے بھارتی اور افغان میڈیا مزید بڑھاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی موجود ہے مگر قومی سلامتی کے خلاف پروپیگنڈا کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ایک شخص نے عوام کو بجلی کے بل جمع نہ کرانے اور رقوم پاکستان نہ بھیجنے کی ترغیب بھی دی، کیا یہ ملک دشمنی کے زمرے میں نہیں آتا؟”
انہوں نے آخر میں کہا کہ فوج ریاست کی علامت اور عوام کی محافظ ہے، اور کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔






