سڈنی: آسٹریلوی کپتان اور فاسٹ بولر پیٹ کمنز کے دوسرے ایشیز ٹیسٹ میں حیران کن واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف گابا میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے حتمی فیصلہ بدھ کی سہ پہر پچ کے مزید معائنے کے بعد کیا جائے گا۔
قائم مقام کپتان اسٹیو اسمتھ نے پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان نہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل جاری ہے اور کمنز کی واپسی کے ساتھ اسپیشلسٹ اسپنر نیتھن لائن کو باہر بٹھانے کا امکان بھی موجود ہے۔
آسٹریلیا کو انجرڈ اوپنر عثمان خواجہ کا متبادل بھی تلاش کرنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جوش انگلس مڈل آرڈر میں جگہ بنانے کے مضبوط امیدوار ہیں، جبکہ ٹریوس ہیڈ اوپننگ کی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں۔
پیٹ کمنز کی شمولیت حیران کن ہو سکتی ہے کیونکہ انہیں ابتدائی 14 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، تاہم پرتھ اور برسبین میں نیٹ سیشنز کے دوران انہوں نے بہترین فارم دکھائی۔ اسمتھ نے کہا کہ کمنز نیٹس میں بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں اور کافی فٹ لگ رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کمنز برینڈن ڈوگٹ کی جگہ لے سکتے ہیں، مگر جولائی سے میچ نہ کھیلنے کے باعث ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ پر خدشات ہیں۔ اگر آسٹریلیا اسپنر کے بغیر مکمل پیس اٹیک کے ساتھ میدان میں اترتا ہے تو کمنز کا بوجھ کم ہوگا، جس سے ان کی واپسی مزید ممکن ہو سکتی ہے۔






