کراچی: پاکستان کے آل راؤنڈر صائم ایوب نے دوبارہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تمام فارمیٹس کی تازہ رینکنگ جاری کی ہے، جس کے مطابق صائم ایوب نے ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز تیسرے نمبر پر ہیں۔ صائم ایوب نے رینکنگ میں بارہ درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے انتالیسویں نمبر پر قبضہ کیا۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورون چکرورتی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ پاکستان کے ابرار احمد چار درجے ترقی کے بعد چوتھے اور محمد نواز دو درجے ترقی کے بعد گیارھویں نمبر پر آگئے۔ شاہین آفریدی کی اٹھارہویں پوزیشن برقرار ہے۔ سفیان مقیم چار درجے تنزلی کے بعد بتیسویں اور سلمان مرزا چار درجے ترقی کے بعد چونتیسویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلی پوزیشن پر ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دو درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد تیسویں اور صائم ایوب دو درجے ترقی کے بعد پینتیسویں نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بولرز میں ابرار احمد، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بالترتیب نویں، اکیسویں اور تئیس نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ ون ڈے بیٹرز میں بابر اعظم چھٹے اور سلمان آغا سترہویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ فارمیٹ میں نعمان علی بولرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن پر ہیں، جبکہ ٹیسٹ بیٹرز میں سعود شکیل ایک درجے ترقی کے بعد گیارہویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔






