ٹوئنٹی20 سیریز کے فائنل سے قبل دونوں ٹیموں نے سری لنکا میں حالیہ شدید موسمی حالات کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اسی دوران سری لنکا کی ٹیم نے اعلان کیا کہ وہ تمام ٹور منی اور میچ فیس سیلاب اور لینڈ سلائیڈز سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے عطیہ کرے گی۔ یہ اعلان ٹیم کے ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا نے کیا، جنہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف ہم وطنوں کے سامنے پیش آنے والی مشکلات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے دلی ہمدردی کا پیغام بھیجا۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ٹیم وطن واپسی کے بعد بھی ریلیف سرگرمیوں میں تعاون جاری رکھے گی اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں محتاط رہیں، حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں۔
یہ اقدام سری لنکا کرکٹ ٹیم کی ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔






