لاہور — لاہور قلندرز کے بعد پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی اپنے پی ایس ایل فرنچائز معاہدوں کی 10 سالہ تجدید کر لی ہے۔ دونوں فرنچائزز کی ویلیوایشن ای وائی مینا کے ذریعے مکمل کی گئی۔
معاہدے کی تجدید کے بعد دونوں ٹیموں کی ملکیت آئندہ دس برس تک موجودہ مالکان کے پاس ہی برقرار رہے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں فرنچائزز کے معاہدے کی توثیق پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی قیادت میں زلمی پاکستان کی سب سے مقبول فرنچائزز میں سے ایک بن چکی ہے، اور ان کا وژن پی ایس ایل کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کی لیگ کے لیے خدمات بھی قابل تعریف ہیں، اور ان کا مسلسل اعتماد پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی ساکھ کا ثبوت ہے۔
مزید برآں، پی سی بی کے مطابق آئندہ برس پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں پہلی بار 6 کے بجائے 8 ٹیمیں شریک ہوں گی۔
نئی دو ٹیموں کے لیے ٹینڈرز جاری کر دیے گئے ہیں اور ان کا حتمی اعلان 6 جنوری 2026 کو کیا جائے گا۔
کرکٹ شائقین لیگ کی توسیع کو پاکستان سپر لیگ کے نئے دور کا آغاز قرار دے رہے ہیں۔





