راولپنڈی — سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عثمان خان اور محمد نواز نے بالترتیب 37 اور 21 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 22، صاحبزادہ فرحان 16، کپتان سلمان آغا 1 اور بابراعظم 0 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رچرڈ نگاروا، ٹینوٹینڈا ماہوسا اور گریم کریمر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل زمبابوے نے پاکستان کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔ برائن بینیٹ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ٹیڈیوناشے مارومانی 30، برینڈن ٹیلر 14، رائن برل 8، ٹونی مُنیونگا 3، ٹاشنگا موزیکیوا 2، بریڈ ایونز 2 اور ٹینوٹینڈا ماہوسا 1 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سکندر رضا اور رچرڈ نگاروا بالترتیب 34 اور 1 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد، سلمان مرزا، صائم ایوب اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار آغاز کیا ہے۔






