میلان: ناروے نے فٹبال کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 28 برس بعد فیفا ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ میلان میں کھیلے گئے اہم کوالیفائنگ میچ میں ناروے نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میزبان اٹلی کو 1-4 سے شکست دے دی۔
میچ کے آغاز میں اٹلی نے حسبِ روایت جارحانہ کھیل پیش کیا اور ابتدائی برتری بھی حاصل کرلی، تاہم دوسرے ہاف میں ناروے نے میچ کا رخ یکسر تبدیل کردیا۔
انتونیو نوسا اور ایرلنگ ہالینڈ نے مسلسل حملے کرتے ہوئے اٹلی کی دفاعی لائن کو بکھیر دیا اور ٹیم کو چار گول اسکور کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
ناروے کی اس یادگار فتح کے بعد ملک بھر میں شائقین نے زبردست جشن منایا۔ میچ کو دیکھنے کے لیے ناروے کے شہزادہ، شہزادی سمیت ہزاروں شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے، جنہوں نے تاریخی کامیابی پر ٹیم کا جوش و خروش سے بھرپور ساتھ دیا۔
ناروے کی ٹیم اب 28 سال بعد فٹبال کے سب سے بڑے ایونٹ میں شرکت کے لیے تیار ہے، جو ملک کے لیے ایک غیر معمولی سنگِ میل ہے۔






