اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کرکٹرز سکندر بخت اور راشد لطیف نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
سکندر بخت نے گفتگو میں خدشہ ظاہر کیا کہ پاک-سری لنکا سیریز میں گڑبڑ کی کوششوں میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی کے عوام سے اپیل کی کہ اگلے ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم کی کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر حوصلہ افزائی کریں اور پاکستانی اسٹیڈیم میں سری لنکن جھنڈے لہرا کر ٹیم کا استقبال کریں تاکہ دہشتگردوں کے ارادے ناکام ہوں۔
دوسری جانب سابق کرکٹر راشد لطیف نے بھی سری لنکن ٹیم کے دورے کو جاری رکھنے کو مثبت اقدام قرار دیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سری لنکا کو ٹیسٹ اسٹیٹس نہیں ملا تھا تب بھی پاکستان نے اس کی مدد کی اور تامل خانہ جنگی کے دوران بھی پاکستان نے سری لنکا کا دورہ جاری رکھا۔
سابق کھلاڑیوں کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات اور کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم ہے۔






