ویب ڈیسک — ہانگ کانگ سکسز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے زبردست مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔
خواجہ نافع نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 50 رنز اسکور کیے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، جبکہ عبدالصمد نے 34 رنز اور کپتان عباس آفریدی نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس روز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے بھی بھرپور جدوجہد کی، تاہم مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنا سکی، یوں پاکستان نے ایک رن سے کامیابی حاصل کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کرس گرین 46 اور کپتان ایلکس روز 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز، محمد شہزاد اور عباس آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اس فتح کے ساتھ ہی ٹیم نے ہانگ کانگ سکسز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔






