اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں ایشیا کپ کی ٹرافی سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی اجلاس کے دوران اس معاملے پر کوئی مؤقف پیش نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد غیر رسمی گفتگو میں کچھ بورڈ ممبران نے پاکستان اور بھارت سے اپیل کی کہ وہ ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کریں۔ بورڈ ممبران کا مؤقف تھا کہ دونوں ممالک کو باہمی رضامندی سے اس تنازع کو ختم کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ گزشتہ روز دبئی میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس کے دوران محسن نقوی نے واضح کیا کہ ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ جلد از جلد حل ہونا چاہیے تاکہ خطے میں کرکٹ کے فروغ اور کھیلوں کے تعلقات کو بہتر بنانے میں پیش رفت ہو سکے۔






