نئی دہلی (شوبز/کرکٹ ڈیسک) — آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے لیے بھارت کے احمد آباد میں واقع نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ آئی سی سی آئندہ چند دنوں میں ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول اور وینیوز کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
بھارتی خبر رساں ادارے دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، یہ میگا ایونٹ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا۔ دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کو فائنل کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام کی حالیہ میٹنگ میں طے پایا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں میچز کم شہروں میں ہوں گے، اور ہر میزبان شہر میں کم از کم 6 میچز کرائے جائیں گے۔ بھارت نے اس مقصد کے لیے احمد آباد، دہلی، کولکتہ، چنئی اور ممبئی کو شارٹ لسٹ کیا ہے جبکہ سری لنکا کے تین اسٹیڈیمز میں بھی میچز کرانے کی منصوبہ بندی ہے، تاہم حتمی فیصلہ باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلورو اور لکھنؤ کو میزبانی میں شامل کرنے کا امکان ابھی واضح نہیں ہے کیونکہ بھارت سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبان ہے۔
بی سی سی آئی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ اسٹیڈیمز جہاں آئی سی سی ویمنز 50 اوور ورلڈ کپ کے میچز ہوئے تھے، جیسے گوہاٹی، وشاکھاپٹنم، اندور اور نوی ممبئی، اس بار مردوں کے میگا ایونٹ کے لیے زیر غور نہیں آئیں گے۔






