کرکٹکھیل

نوجوان فاسٹ بولر سلمان مرزا کی میچ وننگ پرفارمنس، والدہ کے نام کر دی

لاہور — 1 نومبر 2025: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر سلمان مرزا کا کہنا ہے کہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوں یا نہ ہوں، ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ موقع ملنے پر بہترین کارکردگی دکھاؤں، اور اگر وہ کارکردگی میچ وننگ ثابت ہو تو خوشی دوچند ہو جاتی ہے۔
لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شاندار بولنگ کرنے والے سلمان مرزا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ہمیشہ کوچز کے پلان کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “آج کی پرفارمنس اپنی والدہ کے نام کرتا ہوں، ان کی دعاؤں کی بدولت ہی میں اس مقام تک پہنچا ہوں۔”
نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ میدان میں اترنے کے بعد دباؤ محسوس نہیں ہوتا، “جہاں بھی کھیلیں، بس گراؤنڈ میں جا کر اندازہ ہو جاتا ہے کہ کیسے بولنگ کرنی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے تجربے نے بہت مدد دی، “ہوم کراؤڈ کی حوصلہ افزائی سے اعتماد بڑھ جاتا ہے۔”
سلمان مرزا نے تسلیم کیا کہ “اگر کیچ ڈراپ ہو جائے اور پھر چوکا یا چھکا لگ جائے تو تھوڑا دباؤ ضرور آتا ہے، لیکن خود پر قابو رکھنا اور اگلی گیند پر واپسی کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔”
واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 111 رنز کا ہدف دیا، جو قومی ٹیم نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 23 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، سلمان مرزا نے 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نسیم شاہ اور ابرار احمد نے بالترتیب 2 اور 1 وکٹ حاصل کی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button