لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار ہے۔ چوتھے روز کے کھیل کے آغاز پر مہمان ٹیم نے 51 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید دو وکٹیں جلد حاصل کر لیں۔
جنوبی افریقہ کے اوپنر ٹونی ڈی زورزی، جو پہلی اننگز میں 104 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، دوسری اننگز میں صرف 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ٹریسٹن اسٹبس محض دو رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ یوں 55 کے مجموعی اسکور پر مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ گر گئی۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں اب تک نعمان علی نے تین اور شاہین آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 51 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے۔ ابتدائی دونوں وکٹیں جلد گر گئی تھیں، جن میں ایڈن مارکرام 3 رنز اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
قبل ازیں، پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ امام الحق، جو پہلی اننگز میں 93 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، دوسری اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم نے 42، عبداللہ شفیق نے 41 اور سعود شکیل نے 38 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ 269 پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ نعمان علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں پاکستان کو 109 رنز کی واضح برتری حاصل ہوئی۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں امام الحق اور آغا سلمان نے 93، 93 رنز، کپتان شان مسعود نے 76 اور محمد رضوان نے 75 رنز اسکور کیے تھے۔
ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور چوتھے دن کے کھیل میں باقی رہنے والے سیشنز دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔






