سلطان آف جوہر ہاکی کپ: برطانیہ نے پاکستان جونیئر ٹیم کو 1-5 سے شکست دے دی
جوہر بارو (ملائیشیا) — سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں پاکستان کو ایک اور بڑا امتحان درپیش رہا، جہاں برطانیہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔
میچ کا آغاز ہی برطانوی ٹیم کے جارحانہ انداز سے ہوا۔ پہلے کوارٹر میں ہی ہنری میرکھم کے دو اور جونی ہیبٹ کے ایک گول نے پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا، اور برطانیہ کو 0-3 کی برتری حاصل ہوگئی۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے واحد گول سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر کیا، لیکن وہی کھلاڑی بعد میں ایک پنالٹی اسٹروک ضائع کر بیٹھے، جس سے برتری کم کرنے کا سنہری موقع بھی ہاتھ سے نکل گیا۔
تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، مگر کوئی گول نہ ہو سکا۔ تاہم چوتھے اور آخری کوارٹر میں برطانیہ نے ایک بار پھر برتری حاصل کی اور مزید دو گول کرتے ہوئے پاکستان پر 1-5 سے فتح سمیٹ لی۔
اگلا بڑا مقابلہ: پاکستان بمقابلہ بھارت
پاکستان جونیئر ٹیم کا اگلا میچ منگل کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوگا، جو ایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔






