دبئی: ایشیا کپ 2025ء کے سنسنی خیز فائنل کے بعد بھارتی اسپنر کلدیپ یادو نے پاکستانی ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جیت کے باوجود انہیں پاکستان کی شاندار کارکردگی نے متاثر کیا۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کلدیپ یادو نے کہا:
"ہم نے جیت کے بعد خوب انجوائے کیا، لیکن پاکستان نے بھی بہت اچھا کھیل پیش کیا۔ جب ہم صرف 20 رنز پر تین وکٹیں کھو بیٹھے تھے، تو میچ ان کے حق میں جا سکتا تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے بہترین کم بیک کیا اور ہر کھلاڑی نے جیت میں برابر کا کردار ادا کیا۔
ٹیم ورک پر زور
کلدیپ نے ٹیم کی اجتماعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا:
"ابھیشیک شرما اور تلک ورما کی بیٹنگ، اکشر پٹیل کی بولنگ، سیمسن اور تلک کی پارٹنرشپ، اور چکرورتی کی اہم وکٹیں — سب کچھ ٹیم کی فتح میں اتنا ہی اہم تھا جتنا میرے چار شکار۔”
ان کا کہنا تھا کہ:
"دنیا میں اس سے بڑی خوشی کوئی نہیں کہ آپ اپنی ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالیں۔”
بھارت کا نواں ایشیا کپ ٹائٹل
واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر نواں ایشیا کپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میچ میں بھارت کی بیٹنگ لائن ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی، لیکن مڈل آرڈر نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔






