دبئی میں 2026 سے بغیر ڈرائیور والی ٹیکسیاں سڑکوں پر چلنے لگیں گی
دبئی: مستقبل کی سائنس فکشن فلموں کی دنیا اب حقیقت میں بدلنے والی ہے کیونکہ دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں شہر کی سڑکوں پر بغیر ڈرائیور والی روبوٹیکسی سروسز کا آغاز کیا جائے گا۔
آر ٹی اے کے پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی میں ٹرانسپورٹیشن سسٹمز کے ڈائریکٹر خالد العوادی نے تصدیق کی ہے کہ جمیرہ سمیت منتخب علاقوں میں ان جدید ٹیکسیاں پہلے ہی ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہیں۔ ان ٹرائلز کا آغاز رواں سال کے شروع میں گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنیوں پونی اے آئی، بائی ڈو اور وی رائیڈ کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کے تحت ہوا۔
خالد العوادی نے دبئی ورلڈ کانگریس اینڈ چیلنج فار سیلف ڈرائیونگ ٹرانسپورٹ کے دوران بتایا کہ منصوبہ ہے کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی تک دبئی میں یہ روبوٹیکسی سروسز عوام کے لیے دستیاب ہوں گی، جو شہری نقل و حمل میں انقلاب کا باعث بنیں گی۔
ابتدائی طور پر پونی اے آئی، بائی ڈو اور وی رائیڈ کی گاڑیوں نے دبئی سلیکون اویسس میں حفاظتی ٹیسٹ مکمل کیے، جس کے بعد ان ٹرائلز کو شہر کے مصروف علاقوں میں وسعت دی گئی۔ اس وقت مجموعی طور پر 60 خودکار گاڑیاں مختلف جگہوں پر ٹیسٹ کی جا رہی ہیں جن میں 50 گاڑیاں بائی ڈو کی اور 10 وی رائیڈ کی ہیں۔
آر ٹی اے نے روبوٹیکسی کے ٹرائلز کے لیے خصوصی اجازت نامے جاری کیے ہیں اور ٹیکنیکل ٹیمز کے ساتھ آزاد کنسلٹنٹس ہر مرحلے کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ٹیسٹنگ محفوظ اور شفاف طریقے سے مکمل ہو۔
یہ جدید ٹیکنالوجی دبئی کو دنیا کے ان چند شہروں میں شامل کرے گی جہاں عوامی نقل و حمل میں بغیر ڈرائیور والی گاڑیاں بڑے پیمانے پر متعارف کرائی جائیں گی، جو شہر کی ترقی اور شہری سہولیات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔






