سعودی عرب کی حکومت نے حجاج اور معتمرین، بالخصوص بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اور مؤثر اقدام اُٹھایا ہے۔ حج و عمرے کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں افراد کے بے پناہ ہجوم، رش اور شدید گرمی کے باعث بچوں کا والدین سے بچھڑ جانا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
خادمینِ حرمین شریفین کی ہدایت پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بچوں کو خصوصی اسمارٹ سیفٹی رسٹ بینڈ پہنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی نگرانی کرنے والی جنرل اتھارٹی کے حکام نے کیا۔
حکام کے مطابق یہ کلائی پر بندھنے والے اسمارٹ رسٹ بینڈ والدین یا سرپرستوں کی مکمل معلومات پر مشتمل ہوں گے، جس کی مدد سے کسی بچے کے گم ہوجانے یا والدین سے بچھڑنے کی صورت میں فوری شناخت ممکن ہو سکے گی۔ اس نظام کے ذریعے والدین کو جلد تلاش کر کے بچے کو بحفاظت ان کے حوالے کیا جا سکے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ بچوں کے لیے تیار کیے گئے یہ خصوصی رسٹ بینڈ مسجد الحرام کے باب عبدالعزیز اور باب فہد (گیٹ نمبر 79) پر دستیاب ہوں گے، جہاں تربیت یافتہ عملہ رہنمائی اور رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔
یہ اقدام اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور حفاظت کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے ایک اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا جا رہا ہے۔






