برطانیہ کا قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے سے عملہ نکالنے کا فیصلہ
لندن: برطانیہ نے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے سے اپنے عملے کو واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ اقدام خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی ترجمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ برطانیہ ہمیشہ اپنے اہلکاروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے اور موجودہ صورتحال میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ قطر کے اڈے سے کتنے برطانوی اہلکاروں کو واپس بلایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اس پیش رفت سے قبل ایک سینئر ایرانی اہلکار نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ایرانی اہلکار کا کہنا تھا کہ ایران نے اس حوالے سے خطے میں امریکی اتحادی ممالک کو پیغام پہنچا دیا ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں ان ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں حالیہ بیانات اور اقدامات مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال کے مزید پیچیدہ ہونے کی نشاندہی کر رہے ہیں۔






