رافیل نڈال کے نام پر جعلی ویڈیوز کے ذریعے فراڈ، مداحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
میڈرڈ – 24 ستمبر 2025:
اسپین کے عالمی شہرت یافتہ سابق ٹینس چیمپئن رافیل نڈال نے خبردار کیا ہے کہ ان کے نام اور چہرے کا استعمال کر کے جعلی ویڈیوز کے ذریعے سرمایہ کاری کے مشتبہ اشتہارات پھیلائے جا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام کو دھوکہ دینا ہے۔
39 سالہ نڈال نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ "میرے نام پر آرٹیفشل انٹیلیجنس (AI) ویڈیوز کے ذریعے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ میں سرمایہ کاری کے کچھ منصوبوں کی حمایت کر رہا ہوں۔ یہ سب جعلی ہے، میں نے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا۔”
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان جھوٹے اشتہارات سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی قسم کی مالی سرمایہ کاری کرنے سے قبل مکمل تحقیق کریں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے مشہور شخصیات کی جعلی ویڈیوز بنا کر عوام کو گمراہ کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی معروف شخصیات کی آواز اور چہرے کا استعمال کر کے ایسے فراڈ سامنے آ چکے ہیں۔
ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر نظر آنے والے تمام اشتہارات قابلِ اعتماد نہیں ہوتے، خاص طور پر جب کسی مشہور شخصیت کے نام سے جڑے ہوں۔






