کراچی / لاہور / ملتان: ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین شدید مایوسی کا شکار ہو گئے۔ کراچی، لاہور، ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شائقین نے میچ بڑی اسکرینز پر دیکھا اور ہر لمحہ ٹیم کے ساتھ جڑے رہے۔
صاحبزادہ فرحان کے شاندار چھکوں نے ایک موقع پر شائقین کا جوش آسمان تک پہنچا دیا، اسٹیڈیم کے ساتھ ساتھ فین زونز میں بھی خوب نعرے بازی ہوئی۔ تاہم جیسے ہی ڈراپ کیچز اور ناکام بولنگ نے بھارت کو جیت کے قریب کیا، شائقین کی امیدیں دم توڑ گئیں۔
"کچھ رنز اور ہوتے تو شاید نتیجہ مختلف ہوتا” – شائقین کا ردعمل
میچ کے اختتام پر شائقین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا:
"بولنگ میں وہ کاٹ نہیں تھی جو ہونی چاہیے تھی، اگر بیٹنگ میں 10-15 رنز اور بن جاتے تو شاید بات کچھ اور ہوتی۔”
کئی شائقین نے ڈراپ کیچز اور ناقص فیلڈنگ کو شکست کی بڑی وجہ قرار دیا، جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں حکمت عملی کا فقدان نظر آیا۔
مایوسی کے باوجود امیدیں باقی
رغم کے عالم میں بھی شائقین نے ٹیم سے اگلے میچز میں بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی۔ ایک نوجوان کرکٹ فین نے کہا:
"ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہم اگلے میچز میں کم بیک کریں گے، بس ٹیم کو جوش کے ساتھ ہوش سے بھی کام لینا ہوگا۔”






