کرکٹکھیل

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا، بھارتی ٹیم کا ہینڈ شیک سے انکار، میچ میں ہاتھ نہ ملانے کے تنازع کی وجہ کیا؟جانئے

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) — ایشیا کپ کے اہم ترین پاک بھارت میچ میں کھیل کے آداب اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو پس پشت ڈال دیا گیا، جب بھارتی ٹیم نے میچ سے پہلے اور بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔

میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں بھارتی ٹیم نے روایتی رویے سے ہٹ کر میدان میں ایک سرد اور غیرروایتی ماحول قائم رکھا۔ ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ نہیں کیا، اور میچ جیتنے کے بعد بھی پوری بھارتی ٹیم بغیر کسی روایتی ہینڈ شیک کے سیدھی ڈریسنگ روم واپس لوٹ گئی۔

ذرائع کے مطابق، چند روز قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ہاتھ ملایا تھا، جس پر بھارت میں ان پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اسی دباؤ کے باعث یادو نے ٹاس کے وقت پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

میچ کے بعد صورتحال اس وقت مزید افسوسناک ہوگئی، جب پاکستانی کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا بھارتی ڈریسنگ روم تک پہنچے، مگر کوئی بھارتی کھلاڑی باہر نہ آیا۔ ہیسن نے بعد ازاں پریس کانفرنس میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"ہم میچ کے اختتام پر کھیل کے روایتی آداب کے مطابق ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھے، لیکن بھارتی ٹیم پہلے ہی جا چکی تھی۔ یہ میچ ختم کرنے کا افسوسناک طریقہ تھا۔”

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا:
"کچھ چیزیں اسپورٹس مین شپ سے بھی بالاتر ہوتی ہیں۔”
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث کھیل کا میدان بھی اس تناؤ کی زد میں ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ رواں برس پاک فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی مبینہ ناکامی اور رافیل طیاروں کے نقصان کے بعد بھارتی ٹیم بھی قومی دباؤ کا شکار دکھائی دی۔

واضح رہے کہ کرکٹ میں یہ پرانی روایت ہے کہ میچ کے آغاز پر کپتان ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے ہیں، اور اختتام پر دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے مصافحہ کرتی ہیں — تاکہ کھیل کو صرف ایک مقابلہ ہی نہیں، بلکہ ایک رشتہ سمجھا جائے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button