کرکٹکھیل

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان آج عمان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گا، دبئی کی پچ بیٹنگ کیلئے سازگار قرار

دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے دلچسپ معرکوں کا آغاز ہو چکا ہے اور پاکستانی ٹیم آج اپنی مہم کا آغاز عمان کے خلاف کرے گی۔ یہ میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کے مشہور "رنگ آف فائر” میں کھیلا جائے گا، جہاں کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دی گئی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے میچ سے قبل پچ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دبئی کی وکٹ بیٹرز کے لیے سازگار نظر آ رہی ہے، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم میں ملٹی اسکلز کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی صورتحال میں کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

پاکستان، جو حالیہ سہ ملکی سیریز جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اُتر رہا ہے، اس میچ کو بھارت کے خلاف اتوار کے بڑے مقابلے سے قبل ایک اہم وارم اپ کے طور پر بھی دیکھ رہا ہے۔

دوسری جانب، عمان کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں شرکت کر رہی ہے۔ ٹیم کے کپتان جدیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستانی ٹیم کا عمان سے کوئی تقابل نہیں، لیکن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کچھ بھی ممکن ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنا عمان کے لیے ایک نایاب موقع ہے، جس سے سیکھنے اور بہتر ہونے کا موقع ملے گا۔

ماہرین کے مطابق، یہ میچ پاکستان کے لیے اعتماد میں اضافے کا موقع ہے، جبکہ عمان کے لیے ایک چیلنج اور تجربے کا میدان ہے۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اب دبئی کے اس مقابلے پر مرکوز ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button