نوواک جوکووچ کا نیا ریکارڈ، 53 ویں گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں رسائی
نیویارک (اسپورٹس ڈیسک) — ٹینس کے عالمی نمبر ون نوواک جوکووچ نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے 53 ویں مرتبہ گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، یوں انہوں نے 36 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
جوکووچ سے قبل یہ اعزاز سابق امریکی ٹینس اسٹار کرس ایورٹ کے پاس تھا، جنہوں نے 1989 میں 52 بار گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
دیگر مقابلوں کا احوال
دوسری جانب اسپین کے ابھرتے ہوئے اسٹار کارلوس ایلکاراز نے جیری لیچیکا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل فور میں جگہ بنا لی ہے۔
دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ جینک سنر نے ایک سخت مقابلے میں لورینزو موسیٹی کو مات دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، اور وہ ٹائٹل کے دفاع کے لیے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔
ویمنز سنگلز میں اپ سیٹ
ویمنز سنگلز میں بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے کو ملا جب امریکی کھلاڑی امانڈا اینی سیمووا نے دوسری سیڈ ایگا شیوانتک کو حیران کن شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
اس کے علاوہ جاپان کی اسٹار پلیئر ناؤمی اوساکا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کیرولینا مکووا کو شکست دی۔ 2021 کے آسٹریلین اوپن کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اوساکا کسی گرینڈ سلیم کے کوارٹر فائنل سے آگے پہنچی ہیں۔






