لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اپنی بین الاقوامی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد امریکہ سے براستہ دبئی لاہور واپس پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق، بابر اعظم نے حالیہ ٹورنیڈاڈ ٹور کے بعد چند روز امریکہ میں قیام کیا، جس کے بعد وہ دبئی کے راستے وطن واپس لوٹے۔ لاہور ایئرپورٹ پر ان کا خاندان کے افراد، بشمول بھائی اور کزن نے استقبال کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ کے دیگر کھلاڑی بھی مختلف گروپس کی صورت میں وطن واپس آ چکے ہیں۔
بابر اعظم اس وقت کرکٹ حلقوں میں زیرِ بحث ہیں، کیونکہ انہیں تین ملکی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان: علیمہ خان
اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ بانی چیئرمین نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا:
"ہماری کوشش تھی کہ ہائی کورٹ میں ہمارے کیسز مقرر ہوں تاکہ جلد سماعت ہو سکے۔”
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ تحریک کو حقیقی آزادی تک جاری رکھیں گے اور ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیاں، عدالتوں میں کیسز اور انتخابی عمل پر پوزیشن غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔






