کرکٹکھیل

پی سی بی کا دوٹوک اعلان: پاکستانی کھلاڑی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں نہیں کھیلیں گے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں حالیہ متنازعہ واقعات کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر آئندہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا، جس میں ڈبلیو سی ایل کی جانب سے "دوہرے معیار” اپنانے اور متعصبانہ رویے پر سخت مایوسی اور شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ڈبلیو سی ایل نے ایک ایسی ٹیم کو پوائنٹس دے دیے جو میچز کھیلے بغیر ہی ٹورنامنٹ کا حصہ رہی، جو کھیل کے اصولوں اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے بالکل خلاف ہے۔ علاوہ ازیں، پاکستان لیجنڈز کی شرکت منسوخی کے حوالے سے جاری کی گئی پریس ریلیز کو جانبدار اور دوہرے معیار پر مبنی قرار دیا گیا۔

پی سی بی نے کہا کہ ڈبلیو سی ایل کی پریس ریلیز میں کھیل کو سیاسی مفادات اور محدود کمرشل ترجیحات کے تابع کر کے چیمپئن شپ کے اصل مقصد کو نقصان پہنچایا گیا۔ پی سی بی ہمیشہ سے کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کا حامی رہا ہے، اور کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ کے تحت کھیل کے اصولوں کو پامال کرنا ناقابل قبول ہے۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ ڈبلیو سی ایل کی جانب سے معذرت کا مطلب دراصل یہ تسلیم کرنا ہے کہ میچز کی منسوخی کھیل کے اصولوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ مخصوص قوم پرستی کے دباؤ کی وجہ سے کی گئی۔

پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ کسی ایسے ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی جس پر سیاست کا سایہ ہو اور جو کھیل کی غیر جانبداری کو متاثر کرے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button