ٹرمپ کی ثالثی میں پیشرفت: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا جنگ بندی پر آمادہ، تجارتی معاہدے کی راہ ہموار
واشنگٹن (عالمی نیوز ڈیسک) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششیں رنگ لانے لگیں، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری کشیدگی کم ہونے لگی ہے۔ دونوں ممالک نے امن قائم کرنے اور جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جس سے خطے میں استحکام اور تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھلنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹرتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ:
"تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی نے ماضی کا پاک-بھارت تنازع یاد دلا دیا، لیکن خوشی ہے کہ دونوں ممالک نے امن کو ترجیح دی۔”
انہوں نے تصدیق کی کہ کمبوڈیا کے وزیراعظم اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم سے ان کی گفتگو ہوئی ہے، اور دونوں فریقین نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
تجارتی معاہدے کے لیے امن اولین شرط
ٹرمپ نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ:
"جب تک امن قائم نہیں ہوتا، امریکا کسی تجارتی معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا۔ امن ہماری اولین ترجیح ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا دونوں ممالک سے تجارتی مذاکرات میں مصروف ہے، لیکن پائیدار امن کے بغیر اقتصادی شراکت داری ممکن نہیں۔
ثقافت، تاریخ اور احترام کی بنیاد پر مذاکرات
صدر ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور باہمی احترام کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق بات چیت حوصلہ افزا ہے اور انہیں امید ہے کہ:
"نہ صرف جنگ بندی قائم ہوگی، بلکہ مستقبل میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے ساتھ مضبوط تجارتی شراکت داری بھی قائم کی جائے گی۔”






