مانچسٹر: انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے اولڈ ٹریفورڈ میں بھارت کے خلاف جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں اپنی شاندار کارکردگی سے کئی نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
روٹ نے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے عظیم رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔ اب جو روٹ کے مجموعی ٹیسٹ رنز کی تعداد 13,409 ہو گئی ہے، جب کہ اس فہرست میں سب سے آگے بھارتی بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر ہیں جن کے 15,921 رنز ہیں۔
34 سالہ جو روٹ نے 39ویں اوور میں کریز سنبھالا جب انگلینڈ کا اسکور 197 رنز پر 2 وکٹیں گر چکی تھیں۔ انہوں نے اپنی مستحکم بیٹنگ سے اننگز کو سنبھالا اور دوسرے دن کے اختتام تک ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔ تیسرے دن بھی انہوں نے اپنی زبردست فارم کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے انگلینڈ کو ایک بہتر پوزیشن میں پہنچایا۔
اپنی اس اننگز میں جو روٹ نے کئی عظیم بلے بازوں کو پیچھے چھوڑا، جن میں راہول ڈریوڈ (13,288)، جیک کیلس (13,289) اور رکی پونٹنگ (13,378) شامل ہیں۔
یہ ان کی اس سیریز میں دوسری سنچری اور مجموعی طور پر ٹیسٹ کیریئر کی 38ویں سنچری ہے، جس کے باعث وہ سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے برابر آ گئے ہیں۔ سنچریوں کی تعداد کے لحاظ سے اب صرف رکی پونٹنگ (41)، جیک کیلس (45) اور سچن ٹنڈولکر (51) ان سے آگے ہیں۔
علاوہ ازیں، جو روٹ نے بھارت کے خلاف انگلینڈ کے میدانوں پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ انہوں نے اپنی ہوم گراؤنڈ پر بھارت کے خلاف اپنی نویں سنچری مکمل کی، جبکہ ڈان بریڈمین نے انگلینڈ کے خلاف اپنے گھر میں 8 سنچریاں بنائی تھیں۔





