ڈھاکا: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کے لیے بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ڈھاکا ایئرپورٹ پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر آمین الاسلام نے محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔ ذرائع کے مطابق، یہ جنرل میٹنگ 24 جولائی کو منعقد ہوگی جس میں ایشیا کپ 2025 کے شیڈول اور میزبان ملک کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ایشیا کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹس کے انعقاد اور ایشیائی ممالک میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے یہ اجلاس انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران ایشیائی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق کئی اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اے سی سی کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ بھی رکھا گیا ہے، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اگرچہ بھارت کی جانب سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق ابھی تک موصول نہیں ہوئی، تاہم دیگر رکن ممالک کی بھرپور شرکت سے یہ اجلاس ایشیائی کرکٹ کے لیے سنگ میل ثابت ہونے کی توقع ہے۔
کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ اس میٹنگ کے نتیجے میں خطے میں کرکٹ کی ترقی اور بڑے ٹورنامنٹس کے کامیاب انعقاد کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔






