کرسٹیانو رونالڈو کا النصر کلب کے ساتھ معاہدہ مزید دو سال کے لیے بڑھا دیا گیا
ریاض: پرتگال کے لیجنڈری فٹبالر اور دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے النصر فٹبال کلب کے ساتھ اپنے معاہدے میں مزید دو سال کی توسیع کر دی ہے، جس کے بعد وہ 2027 تک النصر کلب کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
النصر کلب کی انتظامیہ نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ رونالڈو کے ساتھ معاہدے میں توسیع ہو چکی ہے اور وہ اگلے دو برس بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ اس فیصلے کو کلب اور مداحوں نے انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے۔
اس موقع پر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا: "ایک نئے باب کا آغاز اسی جذبے اور خواب کے ساتھ ہوا ہے، آئیں ایک ساتھ مل کر تاریخ رقم کریں۔”
یاد رہے کہ رونالڈو نے 2022 میں النصر کلب سے شمولیت اختیار کی تھی، اور اس وقت سے وہ کلب کے لیے کئی اہم میچز میں کامیابیاں سمیٹ چکے ہیں، جنہوں نے سعودی فٹبال میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔
یہ معاہدہ نہ صرف النصر کلب کے لیے بڑی کامیابی ہے بلکہ سعودی فٹبال لیگ کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے وقار کی بھی علامت ہے۔






