لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ بنگلادیش کے خلاف تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیریز کا آغاز 20 جولائی سے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، ڈھاکہ میں ہوگا۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کے بقیہ دو میچز بالترتیب 22 اور 24 جولائی کو اسی میدان میں کھیلے جائیں گے۔ تمام میچز بنگلادیش کے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے) شروع ہوں گے۔
یہ سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان مختصر وقت میں دوسرا آمنا سامنا ہوگا، اس سے قبل بنگلادیشی ٹیم نے رواں سال لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں ٹی20 میچز میں فتح حاصل کی تھی اور کلین سوئپ مکمل کیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز پر بھی پیش رفت
دوسری جانب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈز کے درمیان بھی ایک اہم سیریز کے شیڈول پر بات چیت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کو تجویز دی ہے کہ مجوزہ ون ڈے میچز کو ٹی20 فارمیٹ میں تبدیل کیا جائے تاکہ پاکستان ٹیم اپنی تیاریوں کو آئندہ ٹی20 ورلڈکپ اور ایشیا کپ کے پیش نظر مختصر فارمیٹ پر مرکوز رکھ سکے۔
فی الوقت طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچز امریکا میں جبکہ تین ون ڈے میچز ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے ہیں۔ تاہم، پی سی بی کی خواہش ہے کہ پوری سیریز کو ٹی20 میچز تک محدود کر دیا جائے۔
پاکستان کا فوکس مختصر فارمیٹ پر
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی مصروفیات اور ٹی20 ورلڈکپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی کی حکمت عملی یہی ہے کہ ٹیم زیادہ سے زیادہ ٹی20 میچز کھیلے تاکہ کھلاڑیوں کی فارم اور کمبی نیشن پر مزید کام کیا جا سکے۔






