نیشنز ہاکی کپ: پاکستان اور فرانس کے درمیان سیمی فائنل کا سنسنی خیز مقابلہ جاری
کوالالمپور (اسپورٹس ڈیسک) – نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان انتہائی سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلہ جاری ہے، جہاں دونوں ٹیمیں فائنل میں رسائی کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری اس اہم میچ کے پہلے کواٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر مسلسل دباؤ ڈالا، مگر کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
تاہم دوسرے کواٹر کے دسویں منٹ میں فرانس نے ایک شاندار موو کے ذریعے گول داغ کر پاکستان پر 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
فرانس اس وقت عالمی ہاکی رینکنگ میں 9ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے ذریعے دو درجے ترقی کرتے ہوئے 13ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو نیوزی لینڈ کے چیلنج کا سامنا ہوگا، جس کی فاتح ٹیم فائنل میں پہلے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔
یاد رہے کہ نیشنز ہاکی کپ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا، اور اس ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ 2025 میں شرکت کا ٹکٹ ملے گا۔
پاکستانی شائقین کی نظریں اس وقت قومی ٹیم پر جمی ہوئی ہیں، جو ایک دہائی بعد عالمی ہاکی منظرنامے پر دوبارہ ابھرنے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔






