پاکستان کرکٹ کے عظیم فاسٹ بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنے حالیہ مجسمے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث کا ہنستے مسکراتے انداز میں جواب دے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔
نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں نصب کیے گئے ان کے مجسمے کی تصاویر وائرل ہوئیں تو کرکٹ شائقین نے اس کی مشابہت پر مختلف آراء کا اظہار کیا۔ کچھ افراد نے چہرے کے خدوخال کو وسیم اکرم سے غیر مطابقت رکھنے والا قرار دیا، جبکہ کئی شائقین نے مجسمے کو ہالی وڈ ایکشن ہیرو سے تشبیہ دے ڈالی۔
وسیم اکرم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر چیتے کے ایک ناقص مجسمے کی تصویر کے ساتھ اپنا مجسمہ شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا:
"میرا مجسمہ یقیناً اس چیتے سے بہتر ہے!”
انہوں نے مزید کہا کہ:
"نیاز اسٹیڈیم میں لگائے گئے مجسمے کے بارے میں بہت باتیں ہو رہی ہیں، میرے خیال میں سب سے زیادہ اہمیت ‘آئیڈیا’ کی ہوتی ہے۔”
یہ بیان کرکٹ لیجنڈ کی سادگی، مزاح اور بڑے دل کی عکاسی کرتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس مثبت ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم نہ صرف میدان میں بڑے کھلاڑی ہیں بلکہ مزاج میں بھی عظمت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ وسیم اکرم نے 1984 سے 2003 تک پاکستان کی نمائندگی کی، 1992ء کے ورلڈکپ میں پاکستان کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور دنیائے کرکٹ میں "سوئنگ کے سلطان” کے نام سے جانے جاتے ہیں۔






