کرکٹکھیل

سلمان علی آغا ممکنہ ٹیسٹ کپتان؟ باسط علی کی پیشگوئی نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی باسط علی کی جانب سے قومی آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو ٹیسٹ فارمیٹ کا ممکنہ کپتان قرار دینے پر کرکٹ حلقوں میں نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر باسط علی نے سلمان آغا کی تصویر کے ساتھ تحریر کیا:

"ریڈ بال کی بھی کپتانی مبارک، تینوں فارمیٹ کا ایک کپتان!”

یہ ٹوئٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سلمان علی آغا ٹی20 ٹیم کے کپتان اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ مختصر فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ کلین سوئپ فتح نے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ اعلان تو نہیں کیا گیا، تاہم ٹیسٹ فارمیٹ میں قیادت کی تبدیلی کے لیے دو نام زیر غور ہیں، جن میں سلمان علی آغا اور سعود شکیل شامل ہیں۔ سلمان کو سعود کی جگہ ٹیسٹ کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر 2023 میں شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، لیکن ان کی قیادت میں پاکستان نے 12 میں سے صرف 3 میچز جیتے جبکہ 9 میں شکست ہوئی۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 9ویں نمبر پر جا پہنچی۔ حالیہ سیریز میں آسٹریلیا، بنگلادیش اور جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ واش اس کارکردگی کا ثبوت ہے۔

کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر سلمان علی آغا کو قیادت سونپی جاتی ہے تو ان کے ہمہ جہت کھیل اور پرفارمنس کے پیش نظر ٹیم میں نئی روح پھونکی جا سکتی ہے۔ ان کی بااعتماد مزاج، بہتر اسٹریٹجک فیصلے اور ہم عصر کھلاڑیوں کے ساتھ ہم آہنگی انہیں اس کردار کے لیے مضبوط امیدوار بناتی ہے۔

فی الحال پی سی بی کی جانب سے کسی قسم کا تصدیقی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم اگلے چند ہفتوں میں متوقع ٹیسٹ اسکواڈ اور قیادت سے متعلق اہم اعلان سامنے آ سکتا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button