ممبئی/کولمبو: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے شیڈول اور میزبان وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ عالمی کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں پانچ مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلا جائے گا۔
یہ خواتین کا 13واں ورلڈ کپ ہوگا جس میں 50 اوورز کی فارمیٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ خواتین ورلڈ کپ بھارت میں 12 سال بعد منعقد ہو رہا ہے، جو اس ملک میں خواتین کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں شامل ٹیموں میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ میچز درج ذیل وینیوز پر کھیلے جائیں گے:
ایم چناسوامی اسٹیڈیم، بنگلورو
اے سی اے اسٹیڈیم، گوہاٹی
ہولکر اسٹیڈیم، اندور
اے سی اے-وی ڈی سی اے اسٹیڈیم، وشاکھاپٹنم
آر پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو
ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یا کولمبو میں ہوگا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ اتوار 2 نومبر کو بنگلورو یا کولمبو میں سے کسی ایک مقام پر ہوگا۔
ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 30 ستمبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان ٹیم بھارت شریک ہوگی، جبکہ ان کا مدمقابل ابھی حتمی نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے میچز نہیں کھیلے گی۔ ان کے بقول، یہ معاہدہ پہلے سے طے پایا ہے اور پاکستان صرف بھارت کے علاوہ دیگر جگہوں پر میچز کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
محسن نقوی نے کہا، "بھارت میزبان ہے، وہ فیصلہ کرے گا کہ کہاں میچز کھیلے جائیں گے، ہم بھارت کے علاوہ کسی بھی مقام پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔”
یہ موقف بھارت کے اس فیصلے کے تناظر میں آیا ہے جب بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا، جس کی وجہ سے بھارت کے میچز دبئی میں نیوٹرل وینیو پر کھیلے گئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کی ٹیم بھی بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلے گی۔






