قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل اور پاکستان کرکٹ کے موجودہ کپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیقی کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔
حالیہ ایک پوڈکاسٹ میں کامران اکمل نے محمد رضوان اور بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز سے ڈراپ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی تھی، جس پر اعظم صدیقی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔
اعظم صدیقی نے ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے کامران اکمل پر تنقید کی اور کہا کہ "یہ بچہ (بابر) کبھی آپ کی کپتانی میں نہیں کھیلا، لیکن آپ نے اس کی کپتانی میں صفر پر آؤٹ کیا گیا، جبکہ اس دن اس نے سنچری بنائی۔” ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ "کامیاب لوگوں کی پیٹھ پیچھے باتیں کرنا ناکام لوگوں کی مجبوری ہوتی ہے۔”
اس کے جواب میں کامران اکمل نے انسٹاگرام اسٹوری پر اعظم صدیقی کی پوسٹ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ "آپ کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔ اللہ آپ کو مزید عزت اور کامیابی دے۔ ہر بار خاموش رہنا کوئی آپشن نہیں، خاص طور پر جب جھوٹی باتیں پھیلائی جارہی ہوں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ "ہمارے والدین ہمیں حسد اور نفرت سے دور رکھیں۔ میں نے فخر کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے اور عزت کے ساتھ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔”
کامران اکمل نے اعظم صدیقی کو خبردار کیا کہ وہ اپنے الفاظ کا احتیاط سے انتخاب کریں اور اپنے ذاتی ایجنڈے کو کرکٹ سے نہ جوڑیں۔
واضح رہے کہ بابراعظم اور کامران اکمل خاندانی رشتے دار ہیں، مگر دونوں خاندانوں کے تعلقات گزشتہ عرصے سے کشیدہ چل رہے ہیں۔






