پاکستانی گیمر ارسلان ایش کا بڑا کارنامہ، ای اسپورٹس ورلڈکپ 2025ء میں جگہ بنا لی
اسلام آباد: پاکستان کا نام ایک بار پھر عالمی سطح پر روشن! معروف گیمر ارسلان ایش نے ای اسپورٹس کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے ای اسپورٹس ورلڈکپ 2025ء میں اپنی جگہ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
ارسلان ایش نے یہ شاندار کامیابی "ٹیکن 8” کے ٹورنامنٹ میں کوالیفائی کرکے حاصل کی، جو کہ ورلڈکپ کا اہم ترین اور سب سے زیادہ دیکھی جانے والا مقابلہ ہے۔
ای اسپورٹس ورلڈکپ 7 جولائی سے 24 اگست تک سعودی عرب میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے 2000 سے زائد کھلاڑی اور 200 سے زیادہ ٹیمیں 25 مختلف گیمنگ ٹائٹلز میں 70 ملین ڈالر کے انعامات کے لیے مدِمقابل ہوں گی۔
"ٹیکن 8” کا زبردست مقابلہ 14 سے 16 اگست تک جاری رہے گا، جس میں دنیا کے 32 بہترین گیمرز ایک ملین ڈالر کی انعامی رقم کے لیے میدان میں اتریں گے، اور پاکستان سے ارسلان ایش اس فہرست میں شامل ہونے والے واحد کھلاڑی ہیں۔
یہ اعزاز اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ ارسلان ایش نے ماضی میں ویزے کی مشکلات کے باوجود عالمی سطح پر 5 مرتبہ ایوولوشن چیمپئن شپ سیریز جیسے بڑے ٹائٹلز اپنے نام کیے، جو ان کی غیرمعمولی لگن اور مہارت کا ثبوت ہے۔
پاکستانی نوجوانوں کے لیے ارسلان ایش ایک نئی امید اور ترغیب بن کر سامنے آئے ہیں کہ جذبہ، محنت اور عزم سے دنیا کی کوئی چوٹی سر کرنا ناممکن نہیں۔
ای اسپورٹس کے عالمی منظرنامے میں پاکستان کی موجودگی ارسلان جیسے کھلاڑیوں کی بدولت دن بہ دن مضبوط ہو رہی ہے، اور شائقین کو یقین ہے کہ ارسلان اس بار بھی وطن کا پرچم بلند کریں گے۔






