رافیل نڈال کو فرانس میں شاندار خراجِ تحسین، ٹینس لیجنڈ کیریئر کو باوقار انداز میں الوداع کہہ گئے
پیرس: ٹینس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ رافیل نڈال کو فرنچ اوپن کے تاریخی کورٹ فِلیپ شیتریر میں ایک یادگار اور جذباتی تقریب کے دوران خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جہاں ہزاروں مداحوں نے کھڑے ہو کر نڈال کو الوداع کہا اور فضا "Merci Rafa” (شکریہ رافا) کے نعروں سے گونج اُٹھی۔
14 مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے والے اسپینش لیجنڈ نڈال جب 38 سال کی عمر میں شاید آخری بار اپنے پسندیدہ کورٹ پر اُترے، تو ہر چہرہ جذبات سے بھیگا ہوا تھا۔ نڈال نے فرانسیسی زبان میں خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا:
"یہ بہت مشکل لمحہ ہے، میں نہیں جانتا کہاں سے شروع کروں، یہاں میں نے 20 سال گزارے، جیتا، ہارا، اور ہر بار ایک جذباتی سفر طے کیا۔”
انہوں نے انگریزی اور ہسپانوی زبان میں بھی گفتگو کی اور کیریئر کی یادیں مداحوں سے شیئر کرتے ہوئے کہا:
"یہ کورٹ میری زندگی کا سب سے اہم مقام رہا ہے۔”
رافیل نڈال نے فرنچ اوپن میں 112 میچ جیتے اور صرف 4 میں شکست کھائی، 14 فائنلز میں ناقابلِ شکست رہنا ایک ایسا ناقابلِ فراموش کارنامہ ہے جو ٹینس کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔
تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے نڈال کے دیرینہ حریف اور دوست راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ اور اینڈی مرے بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے، جنہوں نے نڈال کو گلے لگا کر اس تاریخی لمحے کو خراجِ محبت اور عزت پیش کیا۔ نڈال نے کہا:
"ہم نے دنیا کو دکھایا کہ شدید مقابلے کے باوجود عزت، دوستی اور بھائی چارے کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔”
تقریب کے اختتام پر نڈال کو ان کے قدموں کا ایک کانسی کا نقش تحفے میں دیا گیا، جو اب کورٹ فِلیپ شیتریر کا مستقل حصہ ہوگا۔ اس لمحے کو مزید جذباتی بناتے ہوئے نڈال اپنے دو سالہ بیٹے کے ساتھ کورٹ پر آئے اور مداحوں کو آخری بار ہاتھ ہلا کر رخصت کیا۔
نڈال نے کہا:
"میرا جسم شاید اب کھیلنے کے قابل نہیں رہا، لیکن میرا دل اور میری یادیں ہمیشہ اس جادوئی کورٹ سے جڑی رہیں گی۔”
رافیل نڈال نہ صرف ایک عظیم کھلاڑی بلکہ لاکھوں دلوں کی دھڑکن بن کر ٹینس کی تاریخ کا ایک سنہرا باب لکھ کر رخصت ہوئے۔






