لندن (اسپورٹس ڈیسک) — دنیائے کرکٹ سے ایک اور بڑی اور خوش کن خبر! انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں اور ساتھ ہی 13 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پانچویں اور انگلینڈ کے پہلے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
زمبابوے کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن، جو روٹ نے 28 واں رن مکمل کرتے ہی یہ عظیم سنگ میل عبور کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اور اعزاز اپنے نام کیا: ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے بیٹر بھی بن گئے، جو انہوں نے محض 153 میچز میں حاصل کیے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے لیجنڈ جیک کیلس کے پاس تھا، جنہوں نے 159 میچز میں یہ ہدف حاصل کیا تھا۔
روٹ نے اس فہرست میں راہول ڈریوڈ (160 ٹیسٹ)، رکی پونٹنگ (162 ٹیسٹ) اور سچن ٹنڈولکر (163 ٹیسٹ) جیسے عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 200 میچز میں 15,921 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی بیٹنگ بھی شاندار رہی — زمبابوے کے خلاف پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 498 رنز بنائے۔ بین ڈکیٹ نے 140، زیک کرالی نے 124 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ اولی پوپ 169 اور ہیری بروک 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
جو روٹ کی یہ تاریخی کامیابی نہ صرف انگلینڈ کے لیے بلکہ عالمی کرکٹ کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ہے، جس پر دنیا بھر کے کرکٹ شائقین انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
کرکٹ کا یہ "روٹ” اب لیجنڈز کی صف میں شامل ہو چکا ہے!





