برطانوی ایتھلیٹ ولیم گوج کا کارنامہ: آسٹریلیا بھر میں دوڑ کا نیا ریکارڈ قائم، 35 دن میں 3800 کلومیٹر کا سفر مکمل
سڈنی: برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ ایتھلیٹ ولیم گوج نے آسٹریلیا میں دوڑ کا نیا تاریخ ساز ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے مغربی ساحل سے مشرقی ساحل تک 3800 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 35 دنوں میں طے کرکے سب کو حیران کر دیا۔
ولیم گوج نے اپنی دوڑ کا آغاز 15 اپریل کو پرتھ کے کوٹسلو بیچ سے کیا اور یہ حیران کن مہم پیر کی سہ پہر سڈنی کے مشہور بونڈی بیچ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ان کی روزانہ کی اوسط دوڑ تقریباً 100 کلومیٹر رہی، جو ڈھائی میراتھن کے برابر ہے۔ یہ کارنامہ نہ صرف ان کی جسمانی قوت، ذہنی عزم اور برداشت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ ایک انسان کے جذبے کی بہترین مثال بھی ہے۔
ولیم نے یہ دوڑ ایک خیراتی مقصد کے لیے مکمل کی۔ 2018 میں اپنی والدہ کو کینسر کے باعث کھونے کے بعد، انہوں نے اپنی زندگی کو ایک مقصد کے ساتھ جوڑنے کا فیصلہ کیا۔ تب سے وہ برطانیہ، امریکہ اور آسٹریلیا میں مختلف کینسر ریسرچ اداروں کے لیے لاکھوں ڈالرز کی رقم جمع کر چکے ہیں۔
اس سے قبل آسٹریلیا بھر میں دوڑنے کا ریکارڈ کرس ٹرن بل کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں یہ کارنامہ 39 دنوں میں مکمل کیا تھا۔ نیڈ بروک مین نے بھی یہی فاصلہ 47 دنوں میں طے کیا تھا اور چیریٹی کے لیے خطیر رقم جمع کی تھی، تاہم ولیم گوج نے نئی رفتار کے ساتھ ایک نیا معیار قائم کر دیا ہے۔
اس ریکارڈ نے کھیلوں کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے اور ولیم گوج کو ایک نئی نسل کا ہیرو قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف اپنی جسمانی صلاحیتوں بلکہ اپنے مقصد سے وابستگی کے لیے بھی قابلِ تقلید ہیں۔






