لاہور: بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تجویز کردہ ٹی20 سیریز کے نئے شیڈول پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے معمولی رد و بدل کی درخواست کی ہے۔ بنگلادیشی بورڈ نے کھلاڑیوں کی کنڈیشننگ اور پریکٹس کے لیے شیڈول کو تھوڑا آگے بڑھانے کی تجویز دی ہے تاکہ وہ پاکستانی کنڈیشنز سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق، ابتدائی شیڈول میں 27، 29 اور یکم جون کی تاریخوں پر تین ٹی20 انٹرنیشنل میچز تجویز کیے گئے تھے۔ اب نظرثانی شدہ مجوزہ شیڈول کے تحت میچز 28، 30 مئی اور یکم جون کو لاہور میں ہی کرائے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق، سیریز کے حتمی شیڈول پر فیصلہ آج دوپہر تک متوقع ہے، جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ سابقہ شیڈول برقرار رکھا جائے یا بنگلادیشی بورڈ کی تجویز منظور کی جائے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں بھارتی میڈیا پروپیگنڈے کے باعث بنگلادیشی ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے پاکستان نہ آنے کا عندیہ دیا تھا۔ تاہم، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ذاتی طور پر دبئی کا ایک روزہ دورہ کیا اور بی سی بی حکام سے ملاقات کر کے انہیں دورے پر قائل کیا، جو ایک بڑی سفارتی اور اسپورٹس مینجمنٹ کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
تازہ ترین مجوزہ شیڈول کے مطابق، سیریز میں دو میچز کم کر دیے گئے ہیں، اور فیصل آباد کو میزبانی سے خارج کر دیا گیا ہے، جس سے لاہور واحد میزبان شہر رہے گا۔
کرکٹ شائقین پاکستان میں اس سیریز کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، جو نہ صرف پاک-بنگلادیش کرکٹ تعلقات کے استحکام کی علامت ہے بلکہ بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔





