لاہور: کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایک بار پھر رنگ بکھیرنے کو تیار ہے۔ ملک میں حالات کی بہتری اور جنگ بندی کے بعد پی ایس ایل کے ملتوی شدہ میچز کو دوبارہ شیڈول کرنے کے لیے پی سی بی نے اہم مشاورتی عمل شروع کردیا ہے، جس کا حتمی فیصلہ پیر کو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے بقیہ آٹھ میچز، جن میں فائنل بھی شامل ہے، پاکستان میں ہی کرانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت جاری ہے، اور تمام میچز ایک ہی وینیو پر کرانے کی تجویز پر غور ہو رہا ہے تاکہ ایونٹ کو مؤثر طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
ملتان سلطانز نے بھی قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیرملکی کھلاڑیوں کی خدمات کے بغیر اپنا آخری میچ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔ فرنچائز کا کہنا ہے کہ وہ مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ہی میدان میں اتریں گے اور کرکٹ کی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا دسویں ایڈیشن اس وقت معطل کر دیا گیا تھا جب بھارت کی جانب سے ایک ڈرون حملے کے باعث راولپنڈی میں سیکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے تھے۔ تاہم، موجودہ حالات کے پیش نظر ایونٹ کو مکمل کرنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے، جبکہ باقی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔ شائقین ایک بار پھر اپنے پسندیدہ اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
اگر تمام امور طے پا گئے تو شائقین کرکٹ کو بہت جلد پی ایس ایل کے بقیہ سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، جو نہ صرف تفریح فراہم کریں گے بلکہ ملکی کرکٹ کو بھی فروغ دیں گے۔






