اسلام آباد – بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ خطے میں جاری پاک بھارت کشیدگی کے باعث آئی پی ایل 2025 کو فی الوقت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
راجیو شکلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور حکومتی مشاورت کے بعد ہی ٹورنامنٹ کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت آئی پی ایل کے دوبارہ آغاز سے متعلق کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی۔
گزشتہ دنوں پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان جاری میچ کو اچانک روک دیا گیا تھا، اور جب آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا، تو اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑی، شائقین اور چیئر لیڈرز پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔
بعدازاں بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام اور منتظمین کی میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ٹورنامنٹ کو عارضی طور پر ملتوی کرنا ہی بہتر ہے۔
ادھر ذرائع کے مطابق، بھارت آئی پی ایل کیلئے ستمبر کی ونڈو پر غور کر رہا تھا، جو کہ اسی دوران شیڈول ایشیا کپ کے متصادم آتی ہے۔ تاہم خطے کی صورتحال اور خصوصاً پاکستان کے واضح اور دوٹوک مؤقف کی وجہ سے ایشیا کپ اور دیگر باہمی مقابلوں کا مستقبل بھی غیر یقینی کا شکار ہو چکا ہے۔
یہ صورتحال ایک بار پھر ظاہر کرتی ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا ضروری ہے، اور خطے میں امن و استحکام کے بغیر کسی بھی بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا انعقاد مشکل ہو جاتا ہے۔
پاکستانی شائقین اور ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی کامیابی، سفارتی سطح پر مؤثر حکمت عملی، اور پاک فوج کی بروقت کارروائیوں نے بھارت کو داخلی و خارجی محاذ پر دباؤ میں ڈال دیا ہے، جس کا اثر اب کھیل کے میدان میں بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔






