بھارت کی جارحیت کا اثر آئی پی ایل پر بھی، آسٹریلوی کھلاڑی واپسی پر غور کرنے لگے
نئی دہلی / سڈنی — بھارت کی پاکستان کے خلاف بڑھتی ہوئی جارحیت کا دائرہ اب کھیلوں تک پھیلنے لگا ہے، جہاں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی غیر یقینی صورت حال کا شکار ہو گئی ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل میں شامل آسٹریلیا کے متعدد کھلاڑی اور کوچز نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت چھوڑنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے 15 کھلاڑی اور 2 کوچز اس وقت بھارت میں موجود ہیں، جن میں پیٹ کمنز، رکی پونٹنگ اور جسٹن لینگر جیسے نامور شخصیات شامل ہیں۔ موجودہ حالات کے باعث یہ کھلاڑی آسٹریلیا یا دبئی واپس جانے کے مختلف آپشنز پر مشاورت کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز دھرمشالہ میں جاری آئی پی ایل میچ کو اچانک منسوخ کرنا پڑا۔ پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ کے دوران 11ویں اوور میں پہلے فلڈ لائٹس کی خرابی کا جواز پیش کیا گیا، بعد ازاں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میچ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔ اس دوران اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔
بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کھیل امن، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، لیکن بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کے باعث آئی پی ایل جیسے بڑے ایونٹ کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اگر صورتحال یہی رہی تو لیگ کے ملتوی ہونے یا غیر ملکی کھلاڑیوں کے انخلاء کے امکانات مزید بڑھ سکتے ہیں۔
ادھر شائقینِ کرکٹ نے کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی اپیل کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حالات بہتر ہو کر کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوں گے۔





