کرکٹکھیل

پاک بھارت کرکٹ تعلقات پر ایک اور وار — گوتم گمبھیر نے نیوٹرل میچز بھی بند کرنے کا مطالبہ کر دیا

نئی دہلی/اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور حکمراں جماعت کے رکن گوتم گمبھیر نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاک بھارت کرکٹ تعلقات مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ان کا مؤقف سابق کرکٹرز سنیل گواسکر اور سارو گنگولی سے بھی زیادہ سخت اور جارحانہ قرار دیا جا رہا ہے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق گوتم گمبھیر نے ایک مقامی ٹی وی چینل اے بی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کے درمیان نیوٹرل مقامات پر بھی کرکٹ میچز نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض ان کی ذاتی رائے نہیں، بلکہ وہ "ہندوستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی” کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سنیل گواسکر اور سارو گنگولی نے بھی پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ایک قدرے متوازن مؤقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دوطرفہ سیریز تو نہیں کھیلیں گے، لیکن آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

گوتم گمبھیر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی کشیدگی عروج پر ہے، اور کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی عالمی اپیلیں زور پکڑ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری دوطرفہ ون ڈے سیریز 2012 میں کھیلی گئی تھی، جس کے بعد سے دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی ایونٹس میں مدمقابل آتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ گمبھیر کا یہ رویہ نہ صرف کھیل کی روح کے منافی ہے بلکہ یہ کرکٹ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی ایک اور کوشش ہے، جو خطے میں مزید تناؤ پیدا کر سکتی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button