اسپورٹس ڈیسک (اسلام آباد)
جنگی حالات اور بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، اور قوم کا جذبہ، حوصلہ اور کرکٹ سے محبت کسی جارحیت سے کمزور نہیں کی جا سکتی۔
پی سی بی کی جانب سے رات گئے جاری اعلامیے میں تصدیق کی گئی کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ مقررہ وقت پر کھیلا جائے گا۔ میچ کا ٹاس شام 7:30 بجے ہوگا جبکہ پہلا گیند 8 بجے کرایا جائے گا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ رات بھارت نے آزاد کشمیر اور بہاولپور میں بلااشتعال فوجی کارروائیاں کیں، جن پر پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ تاہم، ملک میں زندگی کے معمولات برقرار رکھنا اور کھیل کے میدانوں کو آباد رکھنا اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستانی قوم ہر میدان میں دشمن کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔
کرکٹ شائقین اور ماہرین نے پی سی بی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہ صرف کھیل کے تسلسل بلکہ قومی عزم و استقلال کی علامت ہے۔
پاکستانی قوم نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ جنگ ہو یا امن، کرکٹ اور حوصلہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔





