کرکٹکھیل

بالنگ کوچ مشتاق احمد کی صائم ایوب کی فارم پر کھل کر بات، جلد واپسی کی حکمت عملی پر روشنی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سابق چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی کے بولنگ کوچ مشتاق احمد نے نوجوان اوپنر صائم ایوب کی حالیہ کارکردگی پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے ان کی انجری کے بعد فوری واپسی کو جلد بازی قرار دیا ہے۔

مشتاق احمد نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ صائم ایوب کو ٹخنے کی انجری کے بعد براہِ راست پی ایس ایل جیسے ہائی پریشر ٹورنامنٹ میں کھلانا ایک غلط فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انجری سے واپس آنے والے کھلاڑی کے لیے صرف نیٹ سیشنز کافی نہیں ہوتے، بلکہ میچ پریکٹس ناگزیر ہوتی ہے تاکہ وہ اپنی فارم اور ردھم بحال کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں چاہیے تھا کہ صائم کو پی ایس ایل سے پہلے کچھ کلب میچز کھلواتے یا خصوصی پریکٹس سیشنز کرواتے، تاکہ وہ میدان میں واپسی سے قبل مکمل طور پر تیار ہوتے۔”

صائم ایوب نے پی ایس ایل میں واپسی پر پہلا میچ شاندار انداز میں ففٹی کے ساتھ شروع کیا، مگر اس کے بعد سے وہ خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ اسلام آباد کے خلاف گزشتہ میچ میں وہ محض ایک رن پر آؤٹ ہو گئے، جس پر شائقین کرکٹ میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ صائم ایوب دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور دورۂ نیوزی لینڈ میں قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔

مشتاق احمد کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نوجوان ٹیلنٹ کی مکمل سپورٹ کر رہی ہے اور امید ہے کہ صائم جلد فارم میں واپس آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "صائم ایوب باصلاحیت بیٹر ہیں، ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔ وہ جلد اپنی صلاحیتوں کا لوہا دوبارہ منوائیں گے۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button